اسلام آباد: پاکستان نے عالمی مارکیٹ میں 3 ارب ڈالر کے بین الاقوامی یورو بانڈز جاری کردیے، وزارت خزانہ نے اسے عالمی کیپیٹل مارکیٹس میں پاکستان کی واپسی کے حوالے سے اہم معاشی پیش رفت قرار دیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق 3 ارب ڈالر کا یہ اجرا پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سنگل انٹرنیشنل بانڈ ہے جبکہ پیش کیے گئے بانڈز کے مقابلے میں سرمایہ کاروں کی جانب سے تقریباً دگنی طلب موصول ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق یورو بانڈز کے اجرا سے پاکستان کو 3 ارب ڈالر کی بیرونی فنانسنگ حاصل ہوگی، جسے بیرونی مالی ضروریات اور قرضوں کی ادائیگی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان رواں سال اس سے قبل بھی 50 کروڑ ڈالر کا یورو بانڈ جاری کرچکا ہے۔
نئے اجرا کے تحت پاکستان نے ساڑھے 5 سالہ یورو بانڈ کے ذریعے ایک ارب 75 کروڑ ڈالر حاصل کیے ہیں، جس پر 7.50 فیصد کوپن ریٹ مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح 10 سالہ یورو بانڈ کے ذریعے ایک ارب 25 کروڑ ڈالر حاصل کیے گئے، جس پر کوپن ریٹ 7.90 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق عالمی سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت پاکستان پر اعتماد کی بحالی کا اشارہ ہے اور اس سے عالمی کیپیٹل مارکیٹس تک ملک کی رسائی میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان نے پہلی مرتبہ نئے گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کے تحت بانڈ جاری کیا ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی حکمت عملی خود مختار قرض مینجمنٹ پر مرکوز ہے جبکہ طویل مدتی فنانسنگ کے ذریعے ری فنانسنگ اور رول اوور کے خطرات کم کرنے پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔
حکومت کے مطابق ریکارڈ یورو بانڈ اجرا سے پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی مزید مضبوط ہوئی ہے۔





















































































