کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غصے میں آجاتے ہیں، اس لیے اپنی صحت کا خیال رکھیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایک وقت تھا جب لوگ کہتے تھے کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے پاس اختیارات نہیں ہیں، آج بھی قانون اور اختیارات وہی ہیں لیکن قیادت مختلف ہے اور اب شہر میں کام ہوتا نظر آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے کراچی کے ہر ضلع اور ٹاؤن میں کے ایم سی سڑکیں تعمیر کرے گی۔
مصطفیٰ کمال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ انہوں نے مجھے میدان میں آنے کا کہا تھا، میں تو آج بھی فیلڈ میں موجود ہوں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مصطفیٰ کمال ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر پریس کانفرنس کرتے ہیں اور ہفتے میں ایک مرتبہ کراچی آتے ہیں۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال غصے میں آجاتے ہیں، انہیں اپنی صحت کا خیال رکھنا چاہیے کیونکہ وہ خود وزیر صحت ہیں۔






















































































