انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کیلئے ایک اہم پیغام ہے اور آنے والے وقت میں اس کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔
ترک صدر نے پیر کو ترکیہ کے صوبے سامسون میں نوجوانوں کیلئے منعقدہ خصوصی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مکہ معاہدے سے متعلق پیش رفت پر گفتگو کی۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مل کر قدم اٹھایا ہے، اس حوالے سے مثبت پیش رفت ہورہی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ہم اس میں کامیاب ہوں گے۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کیلئے ایک پیغام ہے اور اس کے مثبت اثرات آنے والے وقت میں سامنے آئیں گے۔
خطے کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اردوان نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں جو کچھ ہورہا ہے ترکیہ اسے بغور دیکھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف آبنائے ہرمز ہی نہیں بلکہ خلیج کے کئی حصوں میں بھی سنجیدہ نوعیت کی مشکلات موجود ہیں اور ان حالات کو معمولی نہیں سمجھا جاسکتا۔
رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ ترکیہ اسلامی دنیا کو درپیش مشکلات پر قابو پانے میں مدد کرنا چاہتا ہے اور اسی مقصد کیلئے خطے میں اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ چاہتا ہے کہ موجودہ چیلنجز اور مشکلات سے جلد از جلد نمٹا جائے اور خطے میں امن و استحکام کیلئے اقدامات آگے بڑھائے جائیں۔






















































































