مدینہ منورہ: سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے علاقے میں تقریباً 11 کروڑ ٹن خام معدنی ذخائر دریافت ہوئے ہیں جن میں یورینیم اور دیگر نایاب معدنیات بھی موجود ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی سرکاری ٹیلی ویژن نے پیر کو رپورٹ کیا کہ سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی جنرل کانفرنس سے خطاب کے دوران اس دریافت کا باضابطہ اعلان کیا۔
عرب میڈیا کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے بتایا کہ مدینہ منورہ میں جبل صاید پراجیکٹ پر کھدائی اور ارضیاتی تحقیق کے نتیجے میں تقریباً 11 کروڑ ٹن خام معدنی مواد کے تخمینہ شدہ وسائل کا انکشاف ہوا ہے۔
سعودی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ دریافت ہونے والے ذخائر میں نایاب معدنیات کے ساتھ یورینیم بھی موجود ہے۔
انہوں نے یہ اعلان آئی اے ای اے کی جنرل کانفرنس کے دوران کیا، جہاں دنیا بھر سے جوہری توانائی اور متعلقہ شعبوں کے نمائندے شریک ہیں۔






















































































