خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 10 خوارج ہلاک جبکہ پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر، کے مطابق 15 سے 17 ستمبر کے دوران خیبرپختونخوا میں ہونے والی مختلف جھڑپوں میں 10 خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا اور خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
ترجمان کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنتہ الخوارج کے 6 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ ضلع ہنگو میں ایک کارروائی کے دوران مزید 4 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 17 ستمبر کو سکیورٹی فورسز کے قافلے کو بارودی سرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 6 بہادر جوانوں نے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ یہ خوارج علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بہادر جوانوں کی قربانیاں ہر قیمت پر ملک کے تحفظ اور سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔






















































































