امریکی ریاست نیو جرسی میں ریل آپریٹر ایمٹرک کے تعمیراتی کام کے دوران ایئر ٹریفک کنٹرول سینٹر کی اہم فائبر آپٹک کیبل کٹ گئی، جس کے باعث بڑا فضائی بحران پیدا ہوگیا اور ہزاروں پروازیں متاثر ہوئیں۔
نیو جرسی کے نیوآرک ایئرپورٹ اور قریبی فضائی نیٹ ورک کو شدید تکنیکی بحران کا سامنا کرنا پڑا۔ آخری اطلاعات کے مطابق امریکا کے 8 بڑے ایئرپورٹس کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ جبکہ 900 پروازیں متاثر ہوئیں۔ متاثرہ پروازوں میں تاخیر کا دورانیہ 170 منٹ تک رپورٹ کیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ نیو جرسی میں ریل آپریٹر ایمٹرک کے تعمیراتی کام کے دوران کھدائی کرتے ہوئے پیش آیا۔ زمینی کام کے دوران ایئر ٹریفک کنٹرول کی اہم فائبر آپٹک کیبل کٹ گئی، جس سے نیوآرک سمیت پورے خطے کا ٹیلی کمیونیکیشن سرکٹ فیل ہوگیا۔
کیبل کٹنے کے باعث فلاڈیلفیا ایئر ٹریفک کنٹرول سینٹر کی ریڈیو فریکوئنسیز بھی شدید متاثر ہوئیں۔ یہ مرکز خطے کے بڑے ایئرپورٹس پر لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے پروازوں کی رہنمائی کرتا ہے۔
صورتحال کے پیش نظر نیوآرک، فلاڈیلفیا اور ٹیٹربورو ایئرپورٹس پر پروازیں روکنے کے ہنگامی احکامات جاری کیے گئے۔
اس تکنیکی خرابی سے نیویارک، فلاڈیلفیا، واشنگٹن، بوسٹن، سان ڈیگو، ویسٹ پام بیچ اور ڈیلس کے ایئرپورٹس کا شیڈول بھی شدید متاثر ہوا، جبکہ سیکڑوں پروازوں کا رخ دوسرے شہروں کی جانب موڑ دیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ خرابی ایسے وقت میں پیش آئی جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے بین الاقوامی مندوبین کی پروازیں نیویارک پہنچ رہی تھیں۔ اس بحران کے باعث مسافروں کی مشکلات اور فضائی نظام پر دباؤ مزید بڑھ گیا۔
رپورٹس کے مطابق نیوآرک کی 1321، نیویارک کی 1238، بوسٹن کی 1399، فلاڈیلفیا کی 1218، واشنگٹن کی 773، ویسٹ پام بیچ کی 230، سان ڈیاگو کی 800 اور ڈیلس کی 2500 پروازیں متاثر ہوئیں۔























































































