فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پُرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر، کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں کور کمانڈر پشاور نے چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو خیبرپختونخوا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، جاری انسداد دہشت گردی کارروائیوں، سرحدی انتظامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل نے فارمیشنز کو چوکس رہنے اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی عظیم قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔
انہوں نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ فیلڈ مارشل نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔























































































