مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی آزاد کشمیر کے 25ویں صدر منتخب ہوگئے۔
آزاد کشمیر کے نئے صدر کے انتخاب کے لیے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں 45 اراکین نے پولنگ کے ذریعے نئے صدر کا انتخاب کیا۔
پولنگ دوپہر ایک بجے تک جاری رہی، جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نامزد صدارتی امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی کو کامیاب قرار دے دیا گیا۔
ڈاکٹر نجیب نقی نے 32 ووٹ حاصل کیے، جن میں مسلم لیگ (ن) کے 31 ووٹ اور دست و بازو پارٹی کے ایک رکن کا ووٹ شامل تھا۔ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ایک رکن اجلاس سے غیر حاضر رہا۔
ڈاکٹر نجیب نقی کا تعلق پونچھ ڈویژن کے حلقہ سدھنوتی پلندری سے ہے۔ وہ 2006 سے 2011 تک آزاد کشمیر کے وزیر صحت رہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی 2016 سے 2021 تک قائم رہنے والی حکومت میں بھی وزیر صحت کے منصب پر فائز رہے۔






















































































