وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے فیول ریلیف اسکیم کے تحت صارفین کو ریلیف سے محروم رکھنے والے پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔
علی پرویز ملک کی زیرِ صدارت اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی اور فیول ریلیف اسکیم پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ فیول ریلیف اسکیم کے تحت ملک کے 10 ہزار پٹرول پمپس میں سے 8 ہزار 500 سے زائد کو ادائیگیاں مکمل کی جاچکی ہیں۔
وزیر پیٹرولیم نے ایندھن کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے پیشگی انتظامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال یا سڑکوں کی بندش کے باعث ترسیل متاثر نہیں ہونی چاہیے، جبکہ صارفین کو ریلیف سے محروم رکھنے والے پمپس کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں شریک ریلوے حکام نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں سپلائی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو ڈپوؤں پر اضافی ذخیرہ رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔






















































































