ذرائع کے مطابق پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت سلمان علی آغا کی کپتانی کا دور ختم ہوگیا ہے اور انہیں اسکواڈ سے بھی باہر کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان علی آغا ٹیسٹ ٹیم کے بعد اب ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا بھی حصہ نہیں ہوں گے اور صرف ون ڈے اسکواڈ میں شامل رہیں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی نئی قیادت کے لیے صاحبزادہ فرحان اور شاداب خان کے درمیان مقابلہ ہے۔ ذرائع کے مطابق حارث رؤف کے بعد شاہین آفریدی کو بھی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شاہین آفریدی نے پاکستان کے لیے اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ 136 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، جبکہ حارث رؤف کی وکٹوں کی تعداد 133 ہے۔ ایجبسٹن ٹیسٹ کے ہیرو رضا اللہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے اسکواڈ میں جگہ بنانے کے مضبوط امیدوار ہیں۔
ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی ون ڈے ٹیم کی قیادت برقرار رکھیں گے، جبکہ ٹیسٹ کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے دونوں اسکواڈز میں شامل ہوں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 9 سے 13 اکتوبر تک راولپنڈی میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔
اس کے بعد 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں تین ملکی ون ڈے ٹورنامنٹ ہوگا، جس میں میزبان پاکستان کے ساتھ انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔




















































































