محکمہ تعلیم سندھ نے نجی اسکولوں کے لیے طلبہ کی آمدورفت سے متعلق حفاظتی ہدایات جاری کرتے ہوئے گاڑیوں میں گیس سلنڈروں کے استعمال اور دیگر غیر محفوظ طریقوں پر پابندی عائد کردی ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم کی ہدایت پر محکمہ تعلیم نے طلبہ کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والی تمام گاڑیوں میں سی این جی اور ایل پی جی سلنڈروں پر پابندی عائد کی ہے۔ اس پابندی کا اطلاق اسکولوں یا والدین کی جانب سے فراہم کردہ اسکول وینز پر بھی ہوگا۔
محکمے نے مقررہ فیول ٹینک کے بجائے بوتلوں، ڈبوں یا دیگر عارضی برتنوں سے براہ راست انجن کو پیٹرول فراہم کرنے پر بھی پابندی لگائی ہے اور خبردار کیا ہے کہ یہ عمل سنگین حفاظتی خطرات کا باعث ہے۔
ہدایات کے مطابق اسکول وینز میں منظور شدہ نشستوں سے زیادہ طلبہ سوار نہیں کیے جاسکتے۔ طلبہ کو پائیدان پر کھڑے ہوکر، گاڑی سے لٹک کر یا کسی اور غیر محفوظ جگہ پر سفر کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
طلبہ کی آمدورفت کے لیے استعمال ہونے والی ہر گاڑی کے پاس محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کا جاری کردہ کارآمد فٹنس سرٹیفکیٹ ہونا ضروری ہے۔ معائنے کے لیے سرٹیفکیٹ کی ایک نقل گاڑی کے اندر رکھنا ہوگی۔
محکمہ تعلیم نے نجی تعلیمی اداروں کو تمام حفاظتی تقاضوں اور متعلقہ قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمے نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی یا غفلت کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور متعلقہ اسکول انتظامیہ کے خلاف قواعد کے تحت کارروائی ہوگی۔

















































































