وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ کے علاقے دارہ بکاخ میں دہشت گرد حملے کے دوران ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے افسران اور جوانوں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں اور فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی مثال قائم کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے امن اور سلامتی کے لیے جانیں قربان کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں اور پوری قوم ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
شہباز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 18 خوارج کی ہلاکت کو خیبر پختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اور فتنۃ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش ہے اور حکومت ایسے عناصر کو ان کے عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکاروں کی جرأت اور ثابت قدمی کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔

















































































