اسلام آباد میں پاکستان کی میزبانی میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس ختم ہوگیا۔ رکن ممالک نے علاقائی اقتصادی تعاون اور انضمام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2035 اور اسلام آباد کا مشترکہ اعلامیہ منظور کیا۔
اجلاس کے اختتام پر اہداف کی منظوری کو تنظیم کے مستقبل کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔ مشترکہ اعلامیہ آئندہ دہائی میں علاقائی ترجیحات طے کرنے اور باہمی تعاون بڑھانے کے لیے رہنمائی فراہم کرے گا۔
پاکستان 2026 اور 2027 کے لیے تنظیم کی صدارت سنبھالے گا۔ اس دوران علاقائی رابطے بہتر بنانے، رکن ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر توجہ دی جائے گی۔
ایران 3 اور 4 دسمبر 2026 کو ای سی او کے 18ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان 2027 میں 19ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔















































































