ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اگر واشنگٹن تہران کی شرائط قبول کر لے تو ایران دو روز کے اندر آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے تیار ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عراقچی نے کہا کہ تہران پاکستان کے ثالثی کردار سے مطمئن ہے۔ اے ایف پی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک نے امریکا کے ساتھ جنگ ختم کرنے کی کوششوں کے تحت تہران کی پیش کردہ تجویز کی حمایت کی۔
ای سی او کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب میں عراقچی نے کہا کہ علاقائی رابطے مضبوط کرنے، تجارت آسان بنانے اور توانائی میں تعاون بڑھانے سے خطے کے مشترکہ استحکام کو تقویت ملے گی۔ ان کے مطابق اس سے بیرونی خطرات اور بیرونی انحصار کم ہوں گے اور خطہ زیادہ مربوط اور خود کفیل ہو سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک جدید، جامع اور مؤثر تجارتی معاہدہ علاقائی تجارت کو وسعت دے سکتا ہے، اقتصادی استحکام مضبوط بنا سکتا ہے اور خطے کے عوام کو فائدہ پہنچا سکتا ہے۔















































































