وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کا مطالبہ کیا ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس میں انہوں نے سندھ کی تقسیم سے متعلق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر تنقید کی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اگر سندھ میں تشدد ہوتا ہے تو وہ اس کا ذمہ دار بلاول بھٹو کو سمجھیں گے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی سے سندھ میں اپنی حکومتی کارکردگی پر بات کرنے کو کہا اور مؤقف اختیار کیا کہ وفاق سے صوبے کو ملنے والے اختیارات اور وسائل بلدیاتی اداروں تک منتقل نہیں ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کی رائے معلوم کرنے کے لیے ریفرنڈم کرایا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی جماعت نے 26ویں آئینی ترمیم میں بلدیاتی اداروں کے اختیارات واضح کرانے کی کوشش کی تھی، جس کی پیپلز پارٹی نے مخالفت کی۔


















































































