ملک بھر میں جاری طوفانی بارشوں کا سلسلہ رک گیا۔ ملک کے بیشتر حصوں میں آج موسم خشک جب کہ میدانی علاقوں گرم میں رہے گا۔
ملک بھر میں گزشتہ چار روز سے جاری طوفانی باشوں کے باعث موسم سرد ہو گیا تاہم آج جڑواں شہروں سمیت پنجاب بھر میں سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو ملک بھر میں موسم خشک رہے گا جب کہ گلگت بلتستان، کشمیر سمیت بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ بالائی پنجاب میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نصیر آباد ظفر بلوچ کے مطابق کوہ سلیمان سے آنے والے سیلابی پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے جب کہ سیلابی پانی ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے ربیع کینال کے ریگولیٹر کے اوپر تک پہنچ گیا۔
سیلابی پانی سے اوچ پاور پلانٹ کے زیر آب آنے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ اوچ پاور پلانٹ سے نہ صرف بلوچستان بلکہ نیشنل گریڈ کو بھی بجلی فراہم کی جاتی ہے تاہم ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کا عملہ بھاری مشینری کے ساتھ موقع پر الرٹ ہے۔
ظفر بلوچ کے مطابق سیلابی پانی گزشتہ روز لہڑی بختیار آباد سے نوتال میں داخل ہوا تھا۔