سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار حکومتِ سندھ ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کروانے جا رہی ہے۔ اس اہم پیش رفت کا اعلان ان کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔
اجلاس میں حکومت سندھ کی جانب سے مالی سال 2025 کے دوران بڑی تعداد میں الیکٹرک وہیکلز (ای وی) اور ہائبرڈ بسیں لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ شرجیل میمن نے واضح کیا کہ ڈبل ڈیکر بسوں کے ساتھ ساتھ مزید جدید بسیں بھی کراچی کی سڑکوں پر لائی جائیں گی، تاکہ شہریوں کو بہتر اور جدید سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
اجلاس کے دوران ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی منصوبوں کی تعمیراتی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حکومت کا عزم ہے کہ کراچی کے ٹرانسپورٹ سسٹم کو مکمل طور پر ای وی بسوں پر منتقل کیا جائے، تاکہ نہ صرف ماحول دوست سفری نظام قائم ہو، بلکہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق عوامی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، اور حکومت اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کام میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں، تاکہ کراچی کے عوام کو عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔