چیف جسٹس کا علیمہ خان کو 2 کروڑ 94 لاکھ جمع کرانے کا حکم

بیرون ملک اکاؤنٹس کیس میں چیف جسٹس نے وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان کو حکم دیا کہ 2 کروڑ 94 لاکھ روپے ایک ہفتے میں ایف بی آر کے پاس جمع کرائیں، رقم جمع نہ کرانے پر علیمہ خان کی جائیداد ضبط کرلیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بیرون ملک اکاﺅنٹس اور جائیدادوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں علیمہ خان پیش ہوئیں۔

سماعت کے دوران علیمہ خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان نے 2008 میں جائیدادیں خریدیں، جائیداد کیلئے رقم بینکنگ چینل کے ذریعے دبئی بھیجی گئی۔

جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ علیمہ خان کدھر ہیں ؟ کیا وہ عدالت میں موجود ہیں؟ چیف جسٹس کے استفسار کے بعد علیمہ خان روسٹرم پرآئیں اور موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ دبئی میں جائیداد 2008 میں تین لاکھ 70 ہزار ڈالر میں خریدی اور اس کیلئے آدی رقم میں نے خود ادا کی جبکہ پچاس فیصد رقم کو بینک سے قرض لیا گیا۔اس موقع پر کمشنر ایف بی آر نے عدالت میں بتایا کہ ان پر 2 کروڑ 94 لاکھ روپے کے واجبات ہیں، جس پر سپریم کورٹ نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان فوری طور پر یہ رقم جمع کروائیں اور نہ کروانے کی صورت میں ان کی جائیداد ضبط کر لی جائے۔