اگر آپ طاقتور اور امیر ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں، غریب کی ہتھکڑی لگی ہی لاش کو نمائش کیلئے پیش کیا جائیگا. وزیر اطلاعات

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سرگودھا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے سی ای او کی ہتھکڑی لگی میت کی تصویر وائرل ہونے پر رد عمل میں کہا ہے کہ اگر آپ غریب اور متوسط ہیں تو موت کے بعد روح کو مقید رکھنے کیلئے ہتھکڑی لگی لاش کو نمائش کیلئے پیش کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اگر آپ طاقتور اور امیر ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں جمہوریت کے وسیع تر مفاد میں آپ کےوزرا کالونی میں شاندار بنگلے کو جیل قرار دیاجائے گا آپ بنگلے کے سامنے گرین بیلٹ کو سیکیورٹی کے نام پر بنگلے میں شامل کرنے کی سہولت سے بھی استفادہ کریں،اور حکومت کا آڈٹ بھی کریں۔

فواد چوہدری نے دوسرے ٹویٹ میں کہا کہ ہاں اگر آپ غریب اور متوسط ہیں تو موت کے بعد روح کو مقید رکھنے کے لیے ہتھکڑی لگی لاش کو نمائش کیلئے پیش کیا جائیگا تا کہ لوگ عبرت پکڑیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ شب سرگودھا کیمپس کیس میں گرفتار سی ای او میاں جاوید دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے تھے اور ان کی ہتھکڑی لگی میت کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔