سانحہ سوات کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے فوری طور پر دریائے سوات کے کنارے حفاظتی بیریئرز لگانے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
وزیراعلیٰ کے ترجمان کے مطابق، دریائے سوات اور دیگر سیاحتی مقامات پر روزانہ کی بنیاد پر سیکیورٹی اہلکاروں کی پٹرولنگ بڑھانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی دریا کنارے مٹی نکالنے کی تمام سرگرمیاں فی الفور بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دریائے سوات سمیت مختلف علاقوں میں قائم تجاوزات کو بغیر کسی امتیاز کے ختم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ آبپاشی کو ہائی الرٹ پر رکھتے ہوئے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، بغیر اجازت تعمیر کیے گئے ہوٹلز کو فوری طور پر ختم کرنے اور دریا کے قریب موجود ہوٹلز کے لیے این او سی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ تین دن میں تمام تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔