کراچی کے علاقے صدر کی موبائل مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی سے کئی دکانیں جل گئیں کئی گھنٹوں بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔
کراچی کے علاقے صدر کی موبائل مارکیٹ میں منگل کی علی الصباح خوفناک آتشزدگی ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے درجنوں دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ آگ بجھانے کے عمل میں 10 فائر ٹینڈرز اور 2 باؤزرز نے حصہ لیا۔
فائر بریگیڈ عملے نے دکانوں کے تالے اور شٹر توڑ کر آگ بجھانے کی کوشش کی اور کئی گھنٹوں بعد آگ پر قابو پایا تاہم درجنوں دکانیں آتشزدگی کے باعث جل گئیں اور دکانداروں کا کروڑوں کا نقصان ہوا۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں چھوٹی چھوٹی کئی دکانیں بنی ہوئی ہیں جس کے بعد امدادی کام میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
آتشزدگی کے حوالے سے الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کے صرف گراؤنڈ فلور پر ہی 8 سو سے زائد دکانیں موجود ہیں۔ مارکیٹ میں فائر سیفٹی موجود ہے تاہم آگ بہت تیزی سے دکانوں میں پھیلی اور آگ سے 100 سے زائد دکانیں متاثر ہوئیں۔