قذافی اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب آج منعقد کی جارہی ہے اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمیں آج علی الصبح غیر ملکی دورے سے وطن واپسی پر فوری قذافی اسٹیڈیم پہنچے اور افتتاحی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ ایونٹ کو نئے قذافی اسٹیڈیم کے شایان شان ہونا چاہیئے کیونکہ آج پاکستان کے لئے فخر کا مقام ہے۔
آج قذافی اسٹیڈیم کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں معروف سنگر آواز کا جادو جگائیں گے اور آتش بازی سمیت لائٹس شو اور ڈھول کا شاندار مظاہرہ ہو گا جبکہ کرکٹ فینز کے لیے داخلہ فری ہو گا۔
آج کی اس تقریب میں 19فروری سے شروع ہونے والے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا نغمہ بھی جاری کیا جائے گا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ قذافی اسٹیڈیم کی اپگریڈیشن میں شامل دن رات کام کرنے والے ورکرز کے لیے آج محسن نقوی نے لنچ کا بھی اہتمام کیا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم کو اپگریڈ کرنے والے ورکرز کے کھانے کے لیے مینیو بھی تیار کر لیا گیا ہے جس میں مٹن قورمہ، بیف پلاؤ، چکن روسٹ، روغنی نان، زردہ، رائتہ اور سلاد شامل ہیں۔
اس تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی دن رات کام کرنے والے ورکرز کا شکریہ ادا کریں گے۔