پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی ہردلعزیز جوڑی اداکارہ عروہ حسین اور فرحان سعید نے بالآخر ماضی میں پھیلنے والی علیحدگی کی افواہوں کی تصدیق کردی۔
پری زاد،مشک، بدذات، اڈاری، اور امانت جیسے کامیاب ترین ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ عروہ حسین کی وجہ شہرت اداکاری کے علاوہ نامور شخصیت کی اہلیہ ہونا بھی ہے۔
جبکہ انکا فیشن سینس اور دن بہ دن بڑھتی خوبصورتی بھی لوگوں کو انکا دیوانہ بنائے رکھتی ہے۔
اداکارہ عروہ حسین اور فرحان سعید سال 2016 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے اور انکا نکاح بادشاہی مسجد میں ہوا تھا تاہم ان سالوں کے درمیان اس جوڑے کی علیحدگی کی افواہیں بھی سرگرم ہوئیں۔
حالانکہ اس عرصے میں گلوکار و اداکار فرحان اور عروہ اپنی فلم ’ٹچ بٹن’ کی وجہ سے کئی بار آف اسکرین بھی ساتھ دکھائی دے رہے تھے لیکن مداح دونوں کی جانب سے کسی مثبت اور واضح اشارے کے خواہش مند تھے۔
بس پھر کیا تھا ان افواہوں کو جوڑے نے سال 2023 میں عید الفطر کے موقع پر جاری کی گئی کپل فوٹو سے جڑ سے ختم کردیا اور یہ بات ثابت کردی کہ ازدواجی زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، لیکن ایک دوسرے کی عزت اور بھروسے کے ساتھ ان مشکلات سے لڑا جاسکتا ہے۔
اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے عروہ اور فرحان نے خاموشی سے اپنی اختلافات ختم کرکے شادی کے کئی عرصے بعد گزشتہ سال کے آغاز 3 جنوری 2024 کو اپنی ننھی پری جہاں آراء کا استقبال کیا اور اپنے رشتے کی مضبوطی کا ایک اور ثبوت دے دیا۔
بیٹی کی پیدائش کے بعد سے عروہ حسین اور فرحان سعید کے مداح انکی ہر پوسٹ پر عقاب جیسی نظریں جمائیں بیٹھے نظر آتے ہیں اور ہر بار انہیں تعریفوں کا محور بنالیتے ہیں۔
دوبارہ ملاپ کی خوبصورت کہانی
اب حال ہی میں عروہ اور فرحان نے سنڈے ٹائمز کو ایک انٹرویو دیا جو بالخصوص ’ویلنٹائنز ڈے’ کیلئے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اس انٹرویو کا حصہ بننے کے بعد جہاں عروہ اور فرحان نے مختلف موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی وہیں بالاخر اس بات کی بھی تصدیق کی کہ انہوں نے اپنی شادی میں ایک مشکل دور کا سامنا کیا ہےاور اس مشکل گھڑی میں دونوں خاندانوں نے ان کا ساتھ دیا اور انہیں اس تکلیف دہ مرحلے سے نکلنے میں مدد کی۔
فرحان سعید نے اعتراف کیا کہ ‘احترام‘ ہی وہ بنیادی عنصر تھا، جس نے ان کے رشتے کو بچایاکیونکہ چاہے جتنے بھی مسائل ہوں، ہم نے کبھی بھی ایک دوسرے کے خلاف عوامی سطح پر کچھ نہیں کہا۔’
اداکار نے اپنی بات کی وضاحت کچھ اسطرح دی کہ’اتار چڑھاؤ ہر رشتے میں آتے ہیں لیکن ہم نے ہمیشہ ایک دوسرے کے خاندانوں اور اپنے رشتے کی عزت کی یہی وجہ تھی کہ ہم دوبارہ ایک دوسرے کے ساتھ جُڑنے میں کامیاب ہوئے۔’
اسی انٹرویو میں فرحان اور عروہ نے اپنے تمام دیکھنے والوں کو یہ بھی مشورہ دیا کہ’اپنے شریکِ حیات کی عزت کریں اور کبھی بھی ان کی برائی کسی اور کے سامنے نہ کریں کیونکہ پیٹھ پیچھے بات کرنا کسی بھی تعلق کو ختم کر سکتا ہے، اور اسے ہر حال میں گریز کرنا چاہیے۔’
یاد رہے کہ حالیہ دنوں گلوکار فرحان سعید اور عروہ حسین اپنی بہن و اداکارہ ماورا حسین کی شادی کی عالیشان تقریبات میں مصروف تھے جہاں ایک جانب دلہن ماورا اور دولہا امیر گیلانی سب کی توجہ سمیٹ رہے تھے وہیں فرحان کی فیملی بھی کسی سے پیچھے نہ تھی۔