جنوری میں اگر کوئی ایسی فلم ہے جس کا بڑے پیمانے پر چرچا ہوا ہے تو وہ ڈاکو مہاراج ہے، جس کی وجہ اداکارہ اروشی روٹیلا ہیں جنہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ہر انٹرویو میں بہترین طریقے سے فلم کی تشہیر ہو۔
فلم کا چرچہ اس وقت زیادہ شروع ہوا جب ان سے سیف علی خان کے حملے کے بارے میں ان کے خیالات پوچھے گئے لیکن اداکارہ بات کو گھما کر باکس آفس پر اپنی فلم کے 105 کروڑ روپے سے زیادہ بزنس کرنے اور ہیروں سے جڑی رولیکس اور رِسٹ واچ تک لے گئیں جو ان کے والدین نے انہیں بطور تحفہ دی تھی۔
اس انٹرویو پر بننے والی تمام میمز اور لطیفوں کی بدولت، ڈاکو مہاراج زیادہ مقبول ہوئی اور اب فلم 21 فروری 2025 کو نیٹ فلکس پر او ٹی ٹی ریلیز کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
تاہم، کچھ ایسی رپورٹس سامنے آئی ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ او ٹی ٹی ورژن سے اروشی روٹیلا کے مناظر کو نکال دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیٹ فلکس نے مبینہ طور پر فلم میں ننداموری بالاکرشنا کے ساتھ اپنی فلم کے اروشی کے مناظر کو ایڈٹ کیا ہے۔
ابھی تک یہ صرف ایک قیاس آرائی ہے اور اس کے بارے میں فلم بنانے والوں کی طرف سے اور نہ ہی نیٹ فلکس ٹیم کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے ۔
چنانچہ ناظرین کو یہ یقینی طور پر جاننے کے لیے کہ اروشی کے مناظر موجود ہیں یا نکال دیے گئے، 21 فروری 2025 کو ڈاکو مہاراج کی اوٹی ٹی ریلیز تک کا انتظار کرنا پڑے گا۔
اداکارہ کے مناظر نکالنے کی قیاس آرائیاں رواں ہفتے کے اوائل میں نیٹ فلکس کی جانب سے او ٹی ٹی ریلیز کا آفیشل پوسٹر شیئر کرنے کے بعد شروع ہوئیں۔
اس پوسٹر پر ڈاکو مہاراج کی پوری کاسٹ دکھائی گئی تھی لیکن ان میں اروشی روٹیلا شامل نہیں تھیں جس پر نیٹیزنز نے خاصہ مزاحیہ ردِ عمل دیا اور حیرت کا اظہار کیا کہ فلم کی بہترین پروموٹر کو پوسٹر سے کیوں باہر رکھا گیا ہے۔
تیلگو زبان میں بنائے گئے اس ایکشن ڈرامہ کو بوبی کولی نے ڈائریکٹ کیا ہے اور اس میں بوبی دیول، پرگیا جیسوال، پردیپ راوت، شردھا سری ناتھ، سچن کھیڈیکر اور دیگر اداکار بھی موجود ہیں۔
فلم میں مرکزی کردار نبھانے والوں میں ننداموری بالاکرشنا شامل ہیں، ایکشن سے بھرپور تفریحی فلم ڈاکو مہاراج 12 جنوری 2025 کو ریلیز ہونے کے بعد سینما گھروں میں زبردست ہٹ رہی۔
فلم نے ننداموری بالاکرشنا کو ایک طاقتور کردار میں دکھایا گیا ہے، جس میں ایک افسر کی تصویر کشی کی گئی ہے جو اپنی بیوی کے ساتھ مل کر ناانصافی کے خلاف ڈٹ جاتا ہے۔
کہانی ڈاکو مہاراج کے نام سے ایک نڈر ڈاکو میں اس کی ٹرانسفارمیشن کے بعد کی ہے، جب وہ لوگوں کو انصاف دلانے کے لیے ایک جابر اور بااثر خاندان کے خلاف لڑتا ہے۔
ہندو تہوار سنکرانتی 2025 کے موقع پر ریلیز ہوئی، ڈاکو مہاراج کو ناقدین اور سامعین دونوں کی طرف سے زبردست ردعمل ملا۔
اب جب کہ ڈاکو مہاراج کی او ٹی ٹی ریلیز سے متعلق تنازع جاری ہے، شائقین یہ دیکھنے کے لیے بے چین ہیں کہ آیا اروشی روٹیلا کے سین واقعی ہٹا دیے جائیں گے یا یہ محض قیاس آرائیاں ہیں۔
دوسری جانب ننداموری بالاکرشنا پہلے ہی اپنی اگلی بڑی ریلیز، اکھنڈا 2 کے لیے تیاری کر رہے ہیں، جس کی ہدایت کاری بویاپتی سرینو نے کی ہے، 2021 کے بلاک بسٹر اکھنڈا کا سیکوئل بہت زیادہ متوقع ہے، جس کے شائقین بے تابی سے بالاکرشنا کی واپسی اور ایک ہائی ایکشن تماشے کا انتظار کر رہے ہیں۔