اسلام آباد-پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 7 ارب ڈالرز قرض پروگرام پر جائزے کیلئے بات چیت ہوئی، آئی ایم ایف نے اعلامیہ جاری کر دیا۔
آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان کیساتھ توانائی، صحت اور تعلیم کے فروغ، سماجی تحفظ اور معاشی ترقی کی شرح پر گفتگوہوئی، کلائمیٹ فنانسنگ اورموسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ بات چیت مثبت رہی، پاکستان اور آئی ایم ایف نے سٹاف لیول معاہدے کے لیے نمایاں پیش رفت کی ہے،
آئی ایم ایف نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے موجودہ قرض پروگرام کی شرائط پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا ہے، پاکستان نے حکومتی قرضوں کو کم کرنے کے لیے سخت معاشی اقدامات کیے ہیں، مہنگائی کم کرنے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی اپنائی گئی ہے، بجلی کی پیداواری لاگت کو کم کرنے کے لیے بھی اصلاحات کی گئی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ممکنہ طور پر فنڈز فراہم کیے جا سکتے ہیں، پاکستان اور آئی ایم ایف مذاکرات کو حتمی شکل دینے کیلئےورچوئلی بات چیت جاری رکھیں گے۔