رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فاتح ٹیم کے لیے 2.32 ملین ڈالر، یعنی 63 کروڑ 79 لاکھ روپے سے زائد کی انعامی رقم مختص کی ہے، جبکہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چیمپئن ٹیم کو صرف 5 لاکھ امریکی ڈالر، یعنی لگ بھگ ساڑھے 14 کروڑ روپے بطور انعام دیے جائیں گے۔
دونوں لیگز کی صرف چیمپئن ٹیموں کے انعامات کا موازنہ کیا جائے تو یہ فرق 49 کروڑ روپے سے بھی زائد بنتا ہے۔
اسی طرح، آئی پی ایل میں دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 1.5 ملین ڈالر، یعنی تقریباً 41 کروڑ 24 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا، جب کہ پی ایس ایل کی رنر اپ ٹیم کو صرف 2 لاکھ امریکی ڈالر، یعنی قریباً 5 کروڑ 61 لاکھ روپے کی رقم دی جائے گی۔
آئی پی ایل میں تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو بالترتیب 8 لاکھ 10 ہزار 800 ڈالر (22 کروڑ 29 لاکھ روپے سے زائد) اور 7 لاکھ 52 ہزار 894 ڈالر (20 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد) دیے جائیں گے۔
دوسری جانب پی ایس ایل میں تیسری اور چوتھی پوزیشنز کے لیے کسی بھی قسم کی انعامی رقم مختص نہیں کی گئی۔