سندھ پنجاب سرحد پر متنازعہ کینالز کے خلاف جاری احتجاجی دھرنا ختم کر دیا گیا، جس کے بعد علاقے میں ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی۔
اوباڑو بار کے صدر نے بتایا کہ سات روز سے جاری احتجاجی دھرنا مطالبات کی منظوری کے بعد ختم کیا گیا ہے۔
آل سندھ لائرز ایکشن کمیٹی نے اعلان کیا تھا کہ ببرلو بائی پاس کے سوا تمام دھرنے ختم کر دیے جائیں گے۔
خیرپور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وکلا رہنما سرفراز میتلو نے کہا کہ کینال منصوبے کی منسوخی ہماری جدوجہد کی کامیابی ہے اور انہوں نے تمام ساتھی تنظیموں کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کارپوریٹ فارمنگ کے معاملے پر 24 گھنٹوں میں سندھ حکومت سے سکھر میں ملاقات کی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مشترکہ مفادات کونسل نے نئی نہریں بنانے کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کے 52 ویں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کونسل کی منظوری کے بغیر کوئی نیا نہری منصوبہ شروع نہیں کیا جائے گا اور تمام صوبوں کے درمیان اتفاق رائے کے بغیر وفاقی حکومت اس معاملے میں کوئی پیشرفت نہیں کرے گی۔