پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر کراچی اور لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن کی کچھ مخصوص فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، لاہور اور کراچی فلائٹ انفارمیشن ریجن کے ایک مخصوص حصے کو ایک ماہ کے لیے بند رکھا جائے گا، جس کے حوالے سے نوٹم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق، سیکیورٹی خدشات کے باعث یہ فضائی حدود یکم مئی سے 31 مئی تک بند رہیں گی۔ اس دوران ایئر ٹریفک کنٹرولرز کمرشل پروازوں کو متبادل روٹس کی ہدایت دیں گے تاکہ پروازوں کا شیڈول متاثر نہ ہو۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اس جزوی پابندی سے فلائٹ آپریشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور تمام پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔