اسلام آباد : بھارت نے سندھ طاس معاہدے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریائے چناب کا پانی روک دیا ہے۔
بھارتی حکام کے مطابق بگلیہار ڈیم سے دریائے چناب کا 90 فیصد پانی روک لیا گیا ہے اور وہ کشن گنگا پراجیکٹ کے ذریعے دریائے جہلم میں پانی کی آمد کو بھی روکنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
بھارتی اقدام کے باعث دریائے چناب میں پانی کی مقدار میں بڑی کمی آئی ہے، اور ہیڈ مرالہ پر پانی کی سطح 87 ہزار کیوسک سے کم ہو کر صرف 4300 کیوسک رہ گئی ہے، جبکہ معمول کے مطابق یہاں 25 سے 30 ہزار کیوسک پانی آنا چاہیے۔
دریائے راوی کی صورتحال بھی ابتر ہو چکی ہے، کیونکہ بھارت نے 2001 میں یہاں تین ڈیم بنائے جس کے نتیجے میں پاکستان کو راوی سے آنے والا پانی 75 فیصد تک کم ہوگیا۔ اب راوی صرف مون سون کے موسم میں کچھ حد تک بہتا ہے، اور باقی سال میں اس کا بہاؤ تقریباً ختم ہو جاتا ہے۔