ملکی موجودہ خراب حالات اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے شیڈول میں ممکنہ تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے.
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے ہیڈکوارٹر میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں پی ایس ایل 10 کے باقی ماندہ میچز کے انعقاد کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ اسی اجلاس میں آئندہ بنگلہ دیش کے خلاف طے شدہ سیریز کے شیڈول اور سیکیورٹی معاملات پر بھی تفصیلی بات چیت کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ راولپنڈی میں شیڈول چار بقیہ میچز کے انعقاد پر بھی سوالیہ نشان لگ چکا ہے اور ان میچز کے لیے متبادل مقامات کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آج کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونے والا میچ ری شیڈول کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے، جس پر حتمی فیصلہ جلد متوقع ہے۔
پی سی بی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز کو کراچی منتقل کرنے کے آپشن پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے، تاہم فی الحال ٹورنامنٹ کو ملتوی کرنے کا کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے تمام فیصلے مرحلہ وار کیے جائیں گے۔