اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاکستان کی جوابی کارروائی میں بھارت کے 40 سے 50 فوجی ہلاک ہوئے ہیں اور بھارتی جہازوں اور فوجی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت ابھی تک اپنے فوجیوں کی لاشیں اٹھا رہا ہے اور اب معذرت کر رہا ہے کہ پاکستان نے اس کا بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ کر دیا۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ رافیل طیارے دنیا کے بہترین جنگی طیاروں میں شمار کیے جاتے ہیں اور بھارت ان پر فخر کرتا تھا، لیکن ان طیاروں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو ایسا سبق ملا کہ اس کی اسٹریٹجی تبدیل ہو گئی ہے، جبکہ پاکستان میں قومی اتحاد، جذبہ اور جوش کی ایک نئی لہر دیکھی جا رہی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کا غرور صرف طیاروں کے ذریعے نہیں ٹوٹا بلکہ اس کی پوری فضائی طاقت کو منہ توڑ جواب دیا گیا، حتی کہ رافیل طیارے بنانے والی کمپنی بھی بھارت کی اس شکست پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے بھارت کے اسرائیلی ساختہ ڈرونز کو ایئر ڈیفنس سسٹم سے ہٹ کر گرایا، اور بھارت اب شرمندگی کو چھپانے کے لیے مزید ڈرونز بھیج رہا ہے۔ بھارتی پائلٹ ممکنہ طور پر سوچ رہے ہوں گے کہ وہ مار کھانے کیوں جائیں، اس لیے ڈرونز بھیج کر جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔