لاہور: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف مرحلے کی سرگرمیاں آج (بدھ) سے لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہو رہی ہیں، جس سے شائقین کرکٹ کی دلچسپی اور جوش و خروش میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم پلے آف مرحلے کے تمام اہم میچز کی میزبانی کرے گا۔ آج شام آٹھ بجے کوالیفائر میچ میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دوسرے نمبر پر موجود دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ مدمقابل ہوں گے۔
ایلیمینیٹر 1 کا مقابلہ جمعرات 22 مئی کو لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان ہوگا، جو شام 8 بجے کھیلا جائے گا۔ اس میچ کی فاتح ٹیم اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔
ایلیمینیٹر 2 جمعہ 23 مئی کو کھیلا جائے گا، جس میں کوالیفائر میچ میں شکست کھانے والی ٹیم اور ایلیمینیٹر 1 کی فاتح ٹیم آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ میچ بھی شام 8 بجے شروع ہوگا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2025 کا فائنل اتوار 25 مئی کو کھیلا جائے گا، جو کہ قذافی اسٹیڈیم میں ایک یادگار اختتامیہ ہوگا۔ شائقین کی بڑی تعداد لاہور میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کے لیے پرجوش ہے۔