متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے درمیان ایک اہم اور طویل المدتی دفاعی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس پر باضابطہ طور پر ابوظہبی میں اماراتی وزارتِ دفاع میں دستخط کیے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاہدے پر اماراتی وزیرِ مملکت برائے امورِ دفاع محمد المزروعی اور امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے دستخط کیے۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو مزید مستحکم بنانا اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مشترکہ روڈ میپ کی تشکیل ہے۔
اماراتی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے درمیان ایک اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے، جس کے تحت امارات کو امریکہ کا اہم دفاعی شراکت دار تسلیم کیا گیا ہے۔
نئے دفاعی معاہدے میں فضائی اور میزائل دفاعی نظام کے اشتراک کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ سائبر سیکیورٹی، قدرتی آفات سے نمٹنے، اور آپریشنل پلاننگ کے شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ یہ معاہدہ خطے میں سکیورٹی استحکام اور دفاعی تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے کی ایک بڑی کوشش تصور کیا جا رہا ہے۔