کراچی: شہر قائد میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ موسم کی مجموعی صورتحال گرم اور مرطوب رہے گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو کہ معمول سے زیادہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ شہر میں اس وقت سمندری ہوائیں 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے۔ اس نمی کی وجہ سے موسم مزید حبس زدہ محسوس ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق شہریوں کو چاہیے کہ وہ دھوپ سے بچاؤ کے اقدامات کریں، ہلکے لباس پہنیں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں تاکہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔