لاہور: بنگلادیش کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں کئی سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے جبکہ کچھ نئے اور نوجوان چہروں کو موقع دیا گیا ہے۔
اس سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت آل راؤنڈر سلمان علی آغا کریں گے، جب کہ شاداب خان نائب کپتان کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ سیریز کے تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، تاہم میچز کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اسکواڈ میں فاسٹ بولرز حسن علی، نسیم شاہ اور محمد وسیم جونیئر کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ فخر زمان، حسین طلعت، صاحبزادہ فرحان، فہیم اشرف اور صائم ایوب کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ شائقین کرکٹ کے لیے یہ سیریز نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھنے کا ایک نیا موقع فراہم کرے گی۔
اس بار اسکواڈ سے کئی اہم کھلاڑیوں کو ڈراپ یا آرام دیا گیا ہے۔ ان میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، سابق کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نمایاں ہیں۔ ان کے علاوہ عبدالصمد، جہانداد خان، عباس آفریدی، محمد علی، عمیر بن یوسف، سفیان مقیم اور عثمان خان بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
سلمان علی آغا (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، محمد عرفان خان، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب۔
پاکستانی اسکواڈ میں نئے اور پرانے کھلاڑیوں کا امتزاج موجود ہے اور یہ اسکواڈ آئندہ ٹی ٹوئنٹی چیلنجز کے لیے ایک تجربہ تصور کیا جا رہا ہے۔