محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے میدانی علاقوں میں آج بھی شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی، جبکہ کچھ علاقوں میں شام یا رات کے وقت بارش کے امکانات موجود ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا، جبکہ شمالی علاقوں میں پارہ 5 سے 7 ڈگری تک اوپر جا سکتا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا رہے گا۔
ادھر بلوچستان، کشمیر اور قریبی پہاڑی علاقوں میں کچھ مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے، جو گرمی کی شدت میں معمولی کمی لا سکتی ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں آج بھی شدید گرمی کا راج ہے۔ سبی میں درجہ حرارت 52 ڈگری، دادو اور ڈیرہ غازی خان میں 51، بہاولپور میں 50، سکھر میں 49، جبکہ ملتان اور سرگودھا میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ نواب شاہ، پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی پارہ 48 ڈگری تک جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ بنوں، ساہیوال اور نوکنڈی میں 47، تربت میں 46، فیصل آباد اور لاہور میں 45، حیدرآباد میں 44، راولپنڈی میں 43، اسلام آباد میں 42، کوئٹہ میں 41، جبکہ کراچی میں آج کا درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور گرمی سے بچاؤ کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔