بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو رواں ماہ کینیڈا میں ہونے والے جی 7 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے تاحال باضابطہ دعوت نامہ موصول نہیں ہوا، جس کے باعث امکان ہے کہ وہ گزشتہ چھ سال میں پہلی بار اس عالمی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔
جی 7 اجلاس کینیڈا کی میزبانی میں 15 سے 17 جون 2025 کے دوران منعقد ہوگا، جس میں دنیا کی بڑی معیشتوں کے سربراہان شریک ہوں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مودی حکومت کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر دعوت موصول بھی ہوتی ہے تو وزیر اعظم مودی کی شرکت مشکوک ہے، خاص طور پر اس وقت جب بھارت کو یقین نہیں کہ کینیڈا کی نئی حکومت خالصتان تحریک پر بھارتی تحفظات کو سنجیدگی سے لے گی یا نہیں۔
دوسری جانب کینیڈین حکومت اور جی 7 کانفرنس کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق یا تردید نہیں کی کہ نریندر مودی کو دعوت دی گئی ہے یا نہیں۔
یہ صورت حال بھارت اور کینیڈا کے درمیان جاری سفارتی کشیدگی اور خالصتان تحریک پر اختلافات کے باعث مزید تناؤ کا باعث بن سکتی ہے۔