عید کی تعطیلات کے دوران شہریوں کے سمندر کی سیر کے منصوبے اس وقت متاثر ہو گئے جب انتظامیہ نے کراچی میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے سمندر میں نہانے پر مکمل پابندی عائد کر دی۔
یہ فیصلہ سمندر میں اونچی اور خطرناک لہروں کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کی جان و مال کو ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی عید کے ایام سے شروع ہو کر 13 جون تک نافذ العمل رہے گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہری تفریح کی غرض سے ساحلوں کا رُخ ضرور کریں لیکن سمندر میں نہانے سے گریز کریں، کیونکہ حالیہ تغیانی کی وجہ سے ڈوبنے کے واقعات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ اس فیصلے سے ان افراد کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے جو عید کے موقع پر سمندر کنارے وقت گزارنے کے منتظر تھے۔