کراچی: کراچی میں آباد بوہرہ برادری آج عید الاضحیٰ مذہبی جوش و احترام کے ساتھ منا رہی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں نمازِ عید کے اجتماعات ہوئے اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا عمل جاری ہے۔
بوہرہ برادری کی مساجد میں صبح سویرے نماز عید کے اجتماعات ہوئے، جن میں بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔ صدر، حیدری، بلوچ کالونی اور برنس روڈ میں مساجد اور امام باڑوں میں خاصا رش دیکھنے میں آیا۔ نماز کے بعد علمائے کرام نے خطبہ دیا جس میں قربانی کی روح اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
عید کی نماز کے بعد سنت کے مطابق جانوروں کی قربانی شروع کر دی گئی۔ شہر میں اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور صفائی کا بھی خاص خیال رکھا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
یاد رہے کہ بوہرہ برادری ہر سال قمری کیلنڈر کے مطابق عام طور پر دیگر مسلمانوں سے ایک دن پہلے عید الاضحیٰ مناتی ہے۔ اسی روایت کے مطابق آج انہوں نے عید منائی۔