سندھ کا آئندہ مالی سال 2025ء اور 2026ء کا بجٹ آج سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔بجٹ ممکنہ طور پر تین ہزار چار سو ارب سے زائد ہوگا۔
سندھ اسمبلی کا بجٹ اجلاس سہ پہر تین بجے ہوگا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بجٹ پیش کریں گے۔
سندھ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 10 سے 20 فیصد اضافے اور مزدور کی کم از کم اجرت میں 5 ہزار
روپے اضافے کی تجویز ہے۔
ارکان سندھ اسمبلی کی تنخواہوں میں بھی اضافہ متوقع ہے،اگلے مالی سال کے بجٹ میں 481 نئی سکیمیں شامل کی جائیں گی۔
اسکول ہیڈ ماسٹرز کو مالیاتی اختیارات دینے، 34 ہزار اسکولوں کو براہ راست فنڈز جاری کرنے اور چونیتس ہزار اسکولوں کیلئے اٹھارہ ارب روپے مختص کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ تعلیم کا ترقیاتی بجٹ بتیس ارب سے بڑھا کراڑتیس ارب کرنے اور صحت کا ترقیاتی بجٹ اٹھارہ ارب سے بڑھا کر اکیس ارب روپےکرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت بھی بجٹ آج پیش کرے گی، بجٹ کا کل حجم 2 ہزار 70 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے، بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 114 ارب روپے رکھے جائیں گے، گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج طلب کر رکھا ہے۔