.پاکستان کی سعودی عرب اور یورپی ممالک کو برآمدات میں نمایاں اضافہ، نئی معاشی پیش رفت سامنے آگئی
گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان کی سعودی عرب کو برآمدات میں 41 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ برآمدات 710.3 ملین ڈالرز تک جا پہنچیں۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان کی سعودی عرب کو اشیا و خدمات کی مجموعی برآمدات ایک ارب ڈالرز سے تجاوز کر گئیں، جو 1.08 ارب ڈالرز تک پہنچ گئیں۔
وزارت خارجہ کی جانب سے قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق سعودی کمپنی آرامکو نے پاکستانی آئل و گیس کمپنی ’گو‘ کے 40 فیصد حصص حاصل کیے، جب کہ ’الوافی انرجی‘ نے شیل پاکستان کے اکثریتی شیئرز خریدے۔
جواب میں مزید بتایا گیا کہ سعودی جنرل اسپتال 250 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کے تحت لاہور اسمارٹ سٹی میں 300 بستروں پر مشتمل جدید اسپتال قائم کرے گا۔
ادھر مالی سال 25-2024 کے دوران پاکستان کی یورپی ممالک کو برآمدات میں بھی قابل ذکر اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے تعاون سے یہ پیش رفت ممکن ہوئی، جس کے نتیجے میں ملکی معیشت میں بہتری دیکھی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے اپریل کے دوران یورپی برآمدات میں 8.6 فیصد اضافہ ہوا، جو گزشتہ مالی سال کے 6.95 ارب ڈالرز سے بڑھ کر 7.55 ارب ڈالرز تک جا پہنچی۔ یورپی منڈیوں میں خاص طور پر ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی طلب میں اضافہ پاکستانی معیشت، صنعت اور سرمایہ کاری کے لیے خوش آئند ثابت ہو رہا ہے۔