آئرلینڈ کے فاسٹ بولر لیام میک کارتھی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں ایک ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا، جب وہ چار اوورز میں 81 رنز دے بیٹھے اور ایک بھی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
یہ میچ شمالی آئرلینڈ کے بریڈی کرکٹ کلب میں کھیلا گیا جہاں میک کارتھی کی کارکردگی خاصی مایوس کن رہی۔ اُنہیں 11 چوکے اور 5 چھکے پڑے، جبکہ ان کا آخری اوور سب سے مہنگا ثابت ہوا جس میں 24 رنز لوٹے گئے۔ پہلے اوور میں ہی شیمرون ہیٹمائر اور ڈیبیو کرنے والے کیسی کارٹی نے ان سے 18 رنز بٹورے۔
یہ ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا سب سے مہنگا اسپیل بن گیا ہے۔ اس سے زیادہ رنز صرف گیمبیا کے موسیٰ جوبارٹے نے 2024 میں زمبابوے کے خلاف دیے تھے، جنہوں نے 93 رنز کے ساتھ بدترین بولنگ کا ریکارڈ بنایا تھا۔
ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک میں یہ ریکارڈ پہلے سری لنکا کے کسن راجیتھا کے پاس تھا، جنہوں نے 2019 میں آسٹریلیا کے خلاف 75 رنز دیے تھے۔