کراچی کے دورے پر آئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی سیاسی سرگرمیوں نے شہر کی سیاسی فضا کو گرما دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، مولانا فضل الرحمان نے سینیٹر فیصل واوڈا کی دعوت پر ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جہاں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر عوام کسی جماعت اور اس کے منشور کو قبول کرتے ہیں تو پھر وہ کون سی طاقتیں ہیں جو ان کے اقتدار کے راستے میں رکاوٹ بنتی ہیں۔
اس پر سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ملک میں کسی قسم کی سیاسی تبدیلی رونما نہیں ہو رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی کسی کو ضرورت پیش آتی ہے، مولانا کا دروازہ ضرور کھٹکھٹایا جاتا ہے۔
فیصل واوڈا نے اعتراف کیا کہ انہوں نے سیاست کے اہم اسباق بانی پی ٹی آئی اور آصف زرداری سے سیکھے، لیکن مولانا فضل الرحمان ان کے اصل استاد ہیں۔
اس موقع پر مولانا کا کہنا تھا کہ ملک میں حکومتیں جے یو آئی کے بغیر قائم نہیں ہوتیں۔