پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے میں غیر ضروری عملہ کام کر رہا ہے اور 16 ڈائریکٹر جنرل تعینات ہیں، جس پر فوری نظرثانی کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پیپلز پارٹی ماضی میں بھی حکومت کو ووٹ دے چکی ہے اور موجودہ بجٹ کے حق میں بھی حمایت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ ہونا چاہیے، اور ہمیں سوچنا ہوگا کہ کس طرح عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے پیسوں سے ایوان میں بیٹھے ہیں، لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ بجٹ میں اپوزیشن کی تجاویز کو بھی سنجیدگی سے شامل کرے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ بجٹ اجلاس کے دوران قومی اسمبلی میں کوئی وزیر موجود نہیں تھا، تاہم امید ہے کہ پی ٹی آئی کی سفارشات کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ بھارت سمیت کئی ممالک اپنے بجٹ میں عوام کو سہولتیں فراہم کرتے ہیں، پاکستان میں بھی اسی طرز پر اقدامات کیے جانے چاہییں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اسلام آباد میں پراپرٹی پر عائد ڈیوٹی کو ختم کرے، کیونکہ پارلیمان اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔