تھائی لینڈ کی وزیراعظم پیتونگاترن شیناوترا کو شدید سیاسی دباؤ کا سامنا ہے، جب کمبوڈیا کے سابق وزیراعظم کے ساتھ ان کی ایک فون کال منظرعام پر آنے کے بعد ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بڑھتا جا رہا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس لیک آڈیو کے بعد حکومت کی اتحادی جماعتوں نے بھی علیحدگی اختیار کرنا شروع کر دی ہے، جس سے ان کی حکومت مزید کمزور ہو گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس کال میں وزیراعظم نے کمبوڈیا کے سابق وزیراعظم کو غیر رسمی انداز میں چاچا کہہ کر مخاطب کیا اور ایک تھائی فوجی کمانڈر کو برطرف کرنے کے حوالے سے بات کی۔ یہ گفتگو دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تنازع سے متعلق تھی۔
میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پر فوجی اداروں کو کمزور کرنے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں، جس پر عوام اور سیاسی حلقوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
بعد ازاں وزیراعظم نے اپنی لیک گفتگو پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اس وجہ سے عوام میں ناراضگی پیدا ہوئی ہے، جس پر وہ افسوس کا اظہار کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ پیتونگاترن شیناوترا اگست 2024 میں وزیراعظم منتخب ہوئی تھیں اور اب ان کی حکومت شدید بحران کا شکار دکھائی دے رہی ہے۔