پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر حسن علی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 300 وکٹیں مکمل کر لی ہیں، جو ان کے کیریئر کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔
حسن علی اس وقت انگلینڈ کی کاؤنٹی ٹیم برمنگھم بیئرز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور 2025 کے جاری ویٹیلٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین فارم میں نظر آ رہے ہیں۔
یہ سنگِ میل حسن علی نے محض 212 ٹی ٹوئنٹی میچز میں عبور کیا، جس کے بعد وہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 300 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے 39ویں اور پاکستان کے 9ویں بولر بن گئے ہیں۔ اس کارکردگی نے نہ صرف ان کی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ پاکستان کے فاسٹ بولنگ کے معیار کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والوں کی فہرست میں وہاب ریاض 413 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، جن کے بعد سہیل تنویر، محمد عامر، عماد وسیم، شاہد آفریدی اور دیگر بولرز شامل ہیں۔ عالمی سطح پر افغانستان کے راشد خان 643 وکٹوں کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کے سب سے کامیاب بولر قرار دیے جاتے ہیں۔
حسن علی کی حالیہ کارکردگی پر نظر ڈالیں تو ویٹیلٹی بلاسٹ 2025 میں انہوں نے اب تک 6 میچز میں 12 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ہے۔ ان کا بولنگ اوسط 17.33 اور اکانومی ریٹ 9.38 رہا ہے، جو موجودہ ٹورنامنٹ میں ان کی مؤثر اور جارحانہ بولنگ کی عکاسی کرتا ہے۔
یاد رہے کہ برمنگھم بیئرز اتوار کے روز لیسٹرشائر کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ بیئرز کی ٹیم اس وقت نارتھ گروپ میں چار کامیابیوں اور چار ناکامیوں کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے، اور ان کے پوائنٹس کی مجموعی تعداد 16 ہے۔