محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج شام سے ملک بھر میں بارشوں کے ایک نئے سلسلے کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جو مون سون ہواؤں کے زیر اثر آئے گا۔ یہ پہلا اسپیل 24 جون کی شام سے شروع ہو کر 2 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، 25 جون سے مون سون ہوائیں پورے ملک میں داخل ہوں گی، جن کے باعث مختلف شہروں میں ہلکی سے درمیانی اور کہیں کہیں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ یہ بارشیں کچھ علاقوں میں موسلا دھار بھی ہو سکتی ہیں، جو شہری زندگی اور مقامی انفراسٹرکچر پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔
پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور شیخوپورہ میں 25 جون سے 29 جون تک بارش کے امکانات ہیں۔ اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی کے علاوہ اٹک، چکوال اور جہلم میں بھی 26 سے 28 جون کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جیسے ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ اور باجوڑ میں 25 تا 29 جون کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ دیر، ملاکنڈ، بونیر، شانگلہ اور کوہستان میں ان دنوں شدید بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں ژوب، بارکھان، کوئٹہ، مستونگ اور زیارت کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی 25 سے 28 جون کے دوران بارش ہونے کا امکان موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 26 سے 28 جون کے درمیان پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے یا سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔