راولپنڈی: ملک میں انسداد اسمگلنگ مہم کے دوران اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مختلف شہروں میں منشیات کے خلاف 7 بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 186.280 کلوگرام منشیات برآمد کر لیں، جن کی مالیت 7 کروڑ 28 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔ ان کارروائیوں میں 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لاہور سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے ایک پارسل سے 4.3 کلوگرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ لاہور کے ایک کورئیر آفس میں جوتوں میں چھپائی گئی 380 گرام آئس بھی ضبط کی گئی، جو بیرون ملک بھیجی جا رہی تھی۔
اسلام آباد میں فیض آباد بس ٹرمینل کے قریب سے ایک ملزم کے قبضے سے 23 کلوگرام آئس اور ایک کلو مشکوک مواد برآمد کیا گیا۔ اسی طرح پشاور رنگ روڈ پر دو علیحدہ کارروائیوں میں دو ملزمان سے 19.2 کلوگرام چرس اور دیگر دو موٹر سائیکل سوار ملزمان سے 5 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ رنگ روڈ ہی کے قریب ایک اور ملزم کے بیگ سے 8.4 کلوگرام چرس بھی قبضے میں لی گئی۔
ادھر کراچی کے ہاکس بے روڈ پر واقع ایک کمپنی کے گودام سے دو کنٹینرز میں چھپائی گئی مشینری کے اندر سے 105 کلوگرام آئس اور 20 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔
تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔