وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز میں ملک کے پہلے آن لائن ویمن پولیس اسٹیشن اور اس سے منسلک موبائل ایپلی کیشن کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس اقدام کو پاکستان میں خواتین کی فوری اور محفوظ قانونی رسائی کی جانب ایک انقلابی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
افتتاح کے موقع پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ جدید سہولتیں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے عزم کی مظہر ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت کام کرنے والے عملے کی اولین ترجیح عوامی خدمت ہونی چاہیے، جبکہ نگرانی کے موجودہ نظام کو مزید فعال بنانے کے لیے اسے مصنوعی ذہانت سے مربوط کیا جائے۔
نئے آن لائن ویمن پولیس اسٹیشن کے لیے ہیلپ لائن 1815 مختص کی گئی ہے، جس پر کام کرنے والا تمام عملہ خواتین پر مشتمل ہے۔ اس میں کال اٹینڈنٹس، فوری رسپانس ٹیمیں اور تفتیشی افسران شامل ہیں، جو خواتین کی شکایات کو موثر انداز میں حل کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اس اسٹیشن میں ویڈیو کالنگ اور آن لائن چیٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جس سے خواتین کو ایف آئی آر کے اندراج کے لیے تھانے جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ایف آئی آر کی کاپی خواتین کو ان کے گھروں پر پہنچائی جائے گی، جو اس نظام کو مزید محفوظ اور آسان بناتی ہے۔
![]()