آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز آج سے ہونے جا رہا ہے، جس کا پہلا اور افتتاحی میچ بھارت اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان گوہاٹی کے میدان میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر آٹھ ٹیمیں شریک ہیں جن میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش اور بھارت شامل ہیں۔
پاکستانی ویمن ٹیم اس ایونٹ کے دوران اپنے تمام میچز سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلے گی۔ قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 2 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف اہم مقابلے سے کرے گی، جس کے لیے بھرپور تیاری کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ کولمبو میں سخت اور جامع ٹریننگ سیشنز کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی پوری توانائی اور بلند عزم کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں اور وہ اپنی ٹیم کی تیاریوں سے مطمئن ہیں۔
پاکستانی اسکواڈ میں کپتان فاطمہ ثنا کے ساتھ منیبہ علی، سدرہ امین، عالیہ ریاض، شوال ذوالفقار، صدف شمس، نتالیہ پرویز، ایمان فاطمہ، ڈیانا بیگ، رامین شمیم، سدرہ نواز، عمیمہ سہیل، سیدہ عروب شاہ، نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال شامل ہیں۔